حکومت کی شہباز شریف کے گرد قانونی گھیرا تنگ کرنے کی منصوبہ بندی

1  اپریل‬‮  2022

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مجھے بتایا گیا کہ وزارت قانون کا چارج مجھے مل رہا ہے، میں کل ہی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت کی منسوخی کیلئے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کروں گا۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر توانائی حماد اظہر اور وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ مجھے بتایا گیا کہ وزارت قانون کا چارج مجھے مل رہا ہے، میں کل ہی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت کی منسوخی کیلئے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں ابھی اڑتالیس گھنٹے باقی ہیں، بہت سی چیزیں ابھی ہونی ہیں، انشاء اللہ وزیراعظم عمران خان ہی ہوں گے، جو لوگ شیروانیاں سلوا کر بیٹھے ہیں، ان کی شیروانیاں ٹنگی رہیں گی، ان کو پاجامے نہیں ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کا وزیراعظم بننے کا خواب چکنا چور ہو گا، باپ اور بیٹے دونوں کا وزیراعظم اور وزیراعلیٰ بننے کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، دونوں باپ بیٹا عدالت سے ضمانت پر رہا ہیں اور وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کے امیدوار بن بیٹھے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ کسی طور بھی ملک کے عوام اجازت نہیں دیں گے کہ کسی باہر کے ملک میں بیٹھ کر سازش سے پاکستان میں حکومت تبدیل کر دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایسا نہیں ہو سکتا کہ چند سو ملین ڈالر خرچ ہوں اور حکومت بدل دی جائے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ منحرف اراکین کی ملاقاتوں کا بھی نوٹس لیا گیا ہے، ان کے خلاف کارروائی آگے بڑھے گی، اس حوالے سے قانونی ٹیم نے اپنی حکمت عملی طے کرلی ہے، امید ہے کہ ہم کل تک سپریم کورٹ سے رجوع کر پائیں گے۔ آرٹیکل 184 کی سماعت کے دوران ہم چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ دیکھے کہ کس طرح تحریک عدم اعتماد کا مسودہ بیرون ملک تیار ہوا، اسے پاکستان بھیجا گیا، راتوں رات یہ تحریک لائی گئی، اس کے بعد چند لوگوں کا ضمیر بھی جاگ گیا جن کو ضمیر کے ہجے تک نہیں آتے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے کہا تھا کہ خط مجھے دکھایا جائے تو میں ساتھ کھڑا ہوں گا، لیکن جب انہیں بلایا گیا تو وہ نہیں آئے کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ اس سازش میں وہ خود شامل ہیں، اپوزیشن کے سرکردہ لوگ اس سازش کا حصہ ہیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ غلامان شریفیہ شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال اور خواجہ آصف بے ضمیر لوگ ہیں، خواجہ آصف پاکستان کے وزیر خارجہ اور وزیر دفاع کے عہدے پر رہتے ہوئے دوبئی کی کمپنی سے تنخواہ لیتے رہے، اس طرح کے بے ضمیر لوگ پاکستان پر مسلط رہے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved