پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کو ابھی بھی مشورہ ہے تاخیری حربے نہ آزمائيں۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف کا کہنا تھاکہ اپوزيشن عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے فیصلے سے پیچھے نہیں ہٹے گی اور عمران خان کو شکست ہوچکی،انہوں نے حکومت کو مشورہ دیا کہ تاخیری حربے نہ آزمائيں۔
حکومت کی جانب سے غداری کے مقدمے درج کیے جانے کے اعلان پر شہباز شریف کا کہنا تھاکہ کہ جتنے مرضی بلند بانگ نعرے لگالیں، آپ نے اپنے کیسز کا انجام دیکھ لیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ غداری کا سرٹیفکیٹ دینے والوں کو مشورہ ہے کہ ہوش کے ناخن لیں۔
خیال رہے کہ حکومت نے متحدہ اپوزیشن کے قائدین اورپاکستان تحریک انصاف کے منحرف ارکان پرغداری کے مقدمات قائم کرنے پر مشاورت شروع کردی ہے۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن قائدین اور منحرف پی ٹی آئی ارکان پر غداری کے مقدمات قائم کیے جا سکتے ہیں اور مقدمات قائم ہوتے ہی اپوزیشن قائدین اور منحرف ارکان کو گرفتار کیا جا سکتا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق آصف زرداری، فضل الرحمان، شہباز شریف اور بلاول بھٹو کو غداری کے مقدمے میں گرفتار کیا جا سکتا ہے۔