وفاقی وزیر برائے اطلاعات نے وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج سنبھالتے ہی عالمی سازش کے حوالے سے کمیشن قائم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق کمیشن عالمی سازش کے ذریعے حکومت کی تبدیلی اور تحریک عدم اعتماد جیسے دیگر عوامل کا جائزہ لے گا۔اس حوالے سے وفاقی وزیر قانون کی جانب سے اسلام آباد، کراچی، لاہور میں درجنوں لیگل افسران کو تبدیل کرنے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ہیں۔
فواد چوہدری نے وزارت قانون و انصاف کے تمام افسران کو اپنے فرائض منصبی بہتر انداز میں انجام دینے کی ہدایت بھی کی ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے قانون فروغ نسیم اور وفاقی وزیر برائے ٹیکنالوجی امین الحق کا استعفیٰ منظور کرتے ہوئے فواد چوہدری کو وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج دینے کا فیصلہ کیا تھا۔ بعدازاں آج اس فیصلے کا باقاعدہ طور نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی وزیر برائے اطلاعات فواد چوہدری کو فوری طور پر وزارت قانون و انصاف کا اضافی چارج سنبھالنے کے احکامات دیئے گئے ہیں۔