وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے اسٹیبلشمنٹ سے رستہ نکالنے کو نہیں کہا، یہ خبر غلط ہے۔
نجی چینل کے ساتھ انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ میں نے ایسی کوئی درخواست نہیں کی، پارٹی رہنماؤں کی جانب سے تجاویز آئی تھیں، کہ یہ 3 آپشنز ہیں،جن میں سے میں نے کہا کہ بہترین الیکشن ہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکیوں کی یہاں کس کس کیساتھ ملاقاتیں ہورہی تھیں، مجھے سب پتہ ہے، ہمارے مخالف صحافیوں تک سے امریکیوں کی ملاقاتیں ہوئیں ۔اگست سےاندازہ اور اکتوبرمیں واضح ہوگیا تھا گیم چل رہی ہے، کابینہ کوکہا تھا تیاری کرلو اپوزیشن گیم کھیل رہی ہے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے نجی چینل کیساتھ انٹرویو میں کہا تھا کہ مجھے اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے تین آپشنز دی گئی تھیں، جو عدم اعتماد کا سامنا، استعفیٰ یا نئے انتخابات کی صورت میں تھیں۔ اس پر بعض میڈیا اداروں اور صحافیوں نے عسکری ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کیساتھ معاملات طے کرنے کیلئے خود اسٹیبلشمنٹ سے رابطہ کیا تھا، تو انہیں یہ تین آپشنز دئیے گئے، جس کی وزیراعظم عمران خان نے حالیہ انٹرویو میں تردید کر دی ہے۔