الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 33 ہنگو میں ضمنی انتخاب روک دیا۔
الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی تحلیل ہونے کے باعث این اے33 ہنگو میں ضمنی انتخاب معطل کیے گئے ہیں۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 33 ہنگو میں ضمنی انتخاب صدرِ مملکت کی طرف سے قومی اسمبلی کو تحلیل کرنے کی وجہ سے روکا گیا ہے۔ اس حوالے سے اس وقت تک مزید کوئی کارروائی نہیں کی جائے گی جب تک سپریم کورٹ سو موٹو نوٹس کا فیصلہ نہیں سنا دیتی۔
خیال رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 33 ہنگو سے تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی خیال زمان 14 فروری کو انتقال کرگئے تھے جس کے بعد ان کی نشست خالی ہوگئی تھی۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا تھا جس کے بعد وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے صدر کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہہ دیا ہے قوم الیکشن کی تیاری کرے۔
عمران خان کے خطاب کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی تھی اور اب یہ معاملہ سپریم کورٹ میں زیر سماعت ہے۔