جرمنی نے مقامی طور پر تیار کردہ لیپرڈ ٹینک یوکرین کو فراہم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
حکومتی ترجمان اسٹیفن ہیبسٹرائٹ نے کہا کہ 14 لیپرڈ ٹینکوں کی ایک کمپنی یوکرین کو فراہم کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم دیگر یورپی ملکوں کو بھی اپنے ٹینک یوکرین بھیجنے کی منظوری دے رہے ہیں تاکہ وہ دو ٹینک بٹالین تشکیل دے سکے۔
خیال رہے کہ کئی ہفتوں سے یوکرین جرمنی سے لیپرڈ ٹینک فراہم کرنے کا مطالبہ کر رہا تھا۔
جرمن چانسلر اولاف شولز کی جانب سے منظور کردہ پیکیج کے تحت یوکرینی فوج کو ٹینک چلانے کی تربیت دینے کے ساتھ ساتھ، لاجسٹکس، اسلحہ اور مینٹیننس کی تربیت بھی جائے گی۔
دوسری طرف وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ امریکا یوکرین کو ایبرم ایم ون ٹینک فراہم کرنے پر غور کر رہا ہے۔
روس نے آج ہی مغربی ممالک کو خبردار کرتے ہوئے بیان دیا ہے کہ اگر یوکرین کو جنگی ٹینک فراہم کیے گئے تو انہیں میدان جنگ میں تباہ کر دیا جائے گا۔