بھارتی بیٹرز کے پاس ہمارے بولرز کیخلاف پلان تھا، ہم نے بیٹنگ بھی اچھی نہیں کی، بابر

12  ستمبر‬‮  2023

پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت سے بدترین شکست کے بعد کہنا ہے کہ ہمارے بولرز کے خلاف بھارتی بیٹرز کے پاس پلان تھا، ہم نے بیٹنگ بھی اچھی نہیں کی۔

پیر کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں بھارت نے پاکستان کو 228 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دی۔

بھارت کے 356 رنز کے جواب میں قومی ٹیم 32 اوورز میں صرف 128 رنز بناسکی، پاکستان کےخلاف ون ڈے کرکٹ میں بھارت کی یہ سب سے بڑی کامیابی ہے۔
پاکستان کی ون ڈے کی تاریخ میں رنز کے اعتبار سے یہ دوسری بدترین شکست ہے، اس سے قبل پاکستان 2009 میں سری لنکا سے 234 رنز سے ہارا تھا۔

میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کہا کہ ہمارے بولرز نے پلان کے مطابق ہی بولنگ کی لیکن ہمارےفاسٹ بولرز کے خلاف روہت شرما اور شبمن گل کے پاس پلان تھا۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی اوپنرز کے بعد ویرات کوہلی اور کے ایل راہول نے بھی عمدہ بیٹنگ کی، ہدف کے تعاقب میں ہم نے اچھی بیٹنگ نہیں کی اور پارٹنرشپ نہیں لگا سکے۔

ویرات کوہلی نے پاکستان کے خلاف 122 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جب کہ کے ایل راہول بھی 111 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

اس کے علاوہ کپتان روہت شرما نے 56 اور شبمن گل نے 58 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔

واضح رہے کہ اتوار کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کے اہم میچ کو مسلسل بارش اور گراؤنڈ فیلڈ خراب ہونے کی وجہ سے معطل کر کے پیر کو ریزرو ڈے پر منتقل کر دیا گیا تھا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved