وزیراعظم کے معاون خصوصی شہباز گل نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ اگر آپ وزیراعظم بنیں تو میرا مطالبہ ہے کہ نائب وزیراعظم مقصود چپڑاسی کو ضروربنائیں۔
اسلام آباد میں وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری اور وزیر توانائی حماد اظہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر شہباز گل نے کہا کہ پاکستان کےدن ابھی اتنے برے نہیں کہ شہباز شریف جیسا شخص وزیراعظم بنے، اگر پھر بھی آپ وزیراعظم بننا چاہتے ہیں تو میرا مطالبہ ہے کہ نائب وزیراعظم مقصود چپڑاسی کو بنائیں کیونکہ وہ آپ کا خاص بندہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج بچوں کا وزیراعظم پریس کانفرنس کر رہا تھا۔ کانفرنس میں ایک شخص کو پینٹ کوٹ پہنا کر وزیراعظم بنانےکی کوشش کی گئی، لیکن جان لیں عمران خان اور اس کی ٹیم اس سازش کا مقابلہ کرے گی۔ ایک ایک پاکستانی ان غداروں سے بدلہ لےگا۔ شہباز گل کا کہنا تھا کہ اتوار کو شہبازشریف کا خواب چکنا چورہوجائےگا۔
پریس کانفرنس میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مجھے بتایا گیا کہ وزارت قانون کا چارج مجھے مل رہا ہے، میں کل ہی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی ضمانت کی منسوخی کیلئے درخواست دائر کرنے کی ہدایت کروں گا۔