اپوزیشن کا اپنا قومی اسمبلی کا اجلاس، تحریک عدم اعتماد بھاری اکثریت سے منظور کر لی

3  اپریل‬‮  2022

قومی اسمبلی اجلاس ختم ہونے کے بعد متحدہ اپوزیشن نے ایاز صادق کو اسپیکر کی کرسی پر بٹھا کر اپنا اجلاس منعقد کیا، جس میں 197 اراکین کی حمایت سے تحریک عدم اعتماد منظور کرلی گئی۔

تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی اجلاس ختم ہونے کے بعد متحدہ اپوزیشن کے اراکین قومی اسمبلی نے بینچوں پر دھرنا دے دیا، اس وقت ان کی تعداد 190 سے زائد تھی۔ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی جانب سے اجلاس ختم کرنے کے بعد متحدہ اپوزیشن نے سابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو اسپیکر کی کرسی پر بٹھا کر ایوان میں اپنا اجلاس شروع کردیا۔

اپوزیشن کی جانب سے فرضی اجلاس میں ایاز صادق نے قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو بولنے کی اجازت دی،  جس پر شہباز شریف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 14 دن کے اندر تحریک عدم اعتماد پیش ہونی چاہیے تھی، ہم نے او آئی سی کانفرنس کی وجہ سے اپنا لانگ مارچ ملتوی کیا لیکن حکومت کو کیا پریشانی ہے جو 14 دن میں بھی تحریک پر ووٹنگ نہ کر سکی؟ انہوں نے کہا کہ عمران نیازی اور اس کے ساتھیوں نے آئین شکنی کی اور وہ آرٹیکل 6 کی پکڑ میں آئیں گے، اسپیکر کے خلاف بھی آرٹیکل 6 کی کارروائی ہوگی۔

بعد ازاں ایاز صادق نے ایوان کو چلاتے ہوئے تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کرائی اور 197 اراکین کی حمایت سے تحریک عدم اعتماد سے منظور کر لی۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved