وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد مستردہونے پر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کا ردعمل سامنے آگیا۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے آئینی بحران پر سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی،سپریم کورٹ بارٹ کی جانب سے دائر آئینی درخواست میں کہا گیا ہے کہ عدم اعتماد پر ووٹ لازم تھا اسپیکر رولنگ سے اسے ختم نہیں کر سکتا۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسپیکر کی رولنگ آرٹیکل 95 (2)سے متصادم ہے، آرٹیکل 58 ون کے تحت اگر وزیر اعظم کیخلاف عدم اعتماد ہو تو وہ اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس بھی نہیں کر سکتا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان کیخلاف آج تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی تھی تاہم ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی نے تحریک کو آئین کے خلاف قرار دے کر مسترد کردیا جس کے بعد وزیراعظم نے قوم سے خطاب میں کہا کہ انہوں نے صدر کو اسمبلی تحلیل کرنے کا کہہ دیا ہے قوم الیکشن کی تیاری کرے۔
عمران خان کے خطاب کے بعد صدر عارف علوی نے قومی اسمبلی تحلیل کردی تاہم اپوزیشن نے اس سارے عمل کو غیر آئینی قرار دیا اور اسمبلی کے اندر ہی دھرنا دے دیا۔
قومی اسمبلی کی کارروائی پر سپریم کورٹ نے بھی ازخود نوٹس لے لیا ہے جس پر سماعت جلد متوقع ہے۔