پنجاب اسمبلی اجلاس کے دوران خواتین ارکان اسمبلی میں جھگڑے کی فوٹیج سامنے آگئی۔
تفصیلات کے مطابق اسمبلی اجلاس کے دوران خواتین ارکان ایک دوسرے سے الجھ پڑیں، دھکم پیل کے دوران پی ٹی آئی کی خواتین ارکان نے ن لیگ کی صبا صادق کے بال بھی کھینچ لیے۔
پنجاب اسمبلی میں ایک دو ممبران کے سوا کسی نے جھگڑا ختم نہیں کرایا، تحریک انصاف کے اسلم اقبال نے بیچ بچاؤ کرانےکی کوشش کی اور خواتین کو ایک طرف لےگئے۔
خیال رہے کہ آج پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے ووٹنگ نہ ہوسکی، ڈپٹی اسپیکر نے ہنگامہ آرائی کو جواز بناتے ہوئے اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا تاہم اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان نے اسمبلی ہال سے باہر جانے سے انکارکردیا۔
انتظامیہ نے پنجاب اسمبلی کی لائٹیں،لفٹ، اے سی اور پانی بند کردیا، اپوزیشن گیلری کی لائٹس اور پنکھے بھی بند کردیےگئے، جس پر اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔