جنوبی بھارت سے تعلق رکھنے والی نامور اداکارہ نین تارا اور وگنیش شوم کے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش معمہ بن گئی، جس پر تامل ناڈو کی حکومت نے بچوں کی پیدائش سے متعلق والدین سے وضاحت طلب کرلی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق نین تارا نے اپنے مداحوں کو اس وقت سرپرائز کردیا، جب انہوں نے اپنے ہاں جڑواں بچوں کی پیدائش کا اعلان کیا، اور ان کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق نین تارا کے ہاں بچوں کی پیدائش سے متعلق یہ قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ ان کے ہاں جڑواں بچے سیروگیسی کی مدد سے پیدا ہوئے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت میں رواں برس جنوری سے سیروگیسی کی مدد سے بچوں کی پیدائش پر پابندی عائد کردی گئی ہے، تاہم کچھ مخصوص صورتحال میں اس کی اجازت دی گئی ہے۔
تامل ناڈو کے وزیر صحت ایم سبرامنیئم نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریاستی حکومت اس معاملے میں نین تارا اور وگنیش سے وضاحت طلب کرے گی۔
ایک پریس کانفرنس کے دوران جب تامل ناڈو کے وزیر صحت سے سوال کیا گیا کہ وہ جوڑا جس کی شادی 4 ماہ قبل ہوئی ہو، وہ سیروگیسی کی مدد سے بچوں کی پیدائش کرواسکتا ہے؟ کیا اس کیلئے وقت کی کوئی حدد مقرر ہے؟ جس پر انہوں نے جواب دیا کہ ڈائریکٹوریٹ آف میڈیکل سروسز اس معاملے کی تحقیقات کرے گا اور ان دونوں سے جواب بھی طلب کیا جائے گا۔
دوسری جانب مختلف میڈیا رپورٹس میں یہ دعویٰ بھی کیا جارہا ہے کہ اس جوڑے کے ہاں سیروگیسی کی ہی مدد سے جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، تاہم ان اسٹارز نے اس سلسلے میں باضابطہ اعلان نہیں کیا۔
یاد رہے کہ مداحوں کی جانب سے یہ قیاس آرائیاں نین تارا اور وگنیش کی شادی کی تاریخ کو لے کر سامنے آئی تھیں کیونکہ اس جوڑے نے رواں برس 9 جون کو شادی کی تھی۔