ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کر دی گئی ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ نے لیگ اسپنر عثمان قادر کی جگہ فخر زمان 15 رکنی قومی ٹی ٹونٹی ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کر لیا ہے۔
پی سی بی اعلامیے کے مطابق پاکستان نے لیگ اسپنر عثمان قادر کی جگہ بیٹر فخر زمان کو آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے 15 رکنی اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے جبکہ عثمان قادر بحیثیت ٹریولنگ ریزرو کھلاڑی قومی اسکواڈ کے ہمراہ آسٹریلیا میں ہی رہیں گے۔
عثمان قادر 25 ستمبر کو انگلینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ کے دوران انجری کا شکار ہو گئے تھے، ان کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے میں ہیرلائن فریکچر کی تشخیص ہوئی تھی، وہ 22 اکتوبر تک سلیکشن کے لیے دستیاب نہیں ہیں۔
اس سے قبل فخر زمان ان تین کھلاڑیوں میں شامل تھے جو ریزرو کرکٹر کی حیثیت سے پاکستان کے اسکواڈ میں شامل تھے، وہ شاہین شاہ آفریدی کے ہمراہ ہفتے کے روز لندن سے برسبین پہنچ جائیں گے۔پاکستان کو برسبین میں انگلینڈ اور افغانستان کےخلاف بالترتیب 17 اور 19 اکتوبر کو وارم اپ میچز کھیلنے ہیں۔