53سالہ بولی وڈسٹارکے انتقال پرفلم انڈسٹری سوگ میں ڈوب گئی
بولی وڈ کے معروف اداکار عرفان خان 53 سال کی عمر میں انتقال کرگئے، ان کے اچانک انتقال کر جانے کی خبر نے مداحوں کو حیران اور افسردہ کردیا۔عرفان خان کو منگل کے روز ممبئی کے ایک ہسپتال میں اس وقت داخل کروایا گیا جب ان کی طبیعت اچانک خراب ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اداکار کو بڑی آنت کا انفیکشن ہوا تھا جس کے علاج کےلئے وہ ہسپتال میں داخل ہوئے۔ عرفان خان کینسر کےخلاف جنگ بھی لڑ رہے تھے اورعلاج کیلئے لندن چلے گئے تھے۔2019 میں وہ صحتیاب ہوکر بھارت واپس آئے تھے اور اس کے بعد ان کی فلم ’انگریزی میڈیم‘ بھی ریلیز ہوئی تھی جو کامیاب ثابت ہوئی تھی۔ عرفان خان نے ٹیلی ویژن اور تھیٹر سے کیریئر کا آغاز کیا، بعدازاں وہ 1988 کی فلم ’سلام بومبے‘ میں مختصر کردار کے لیے جلوہ گر ہوئے اور یہی سے ان کے فلمی کیریئر کا آغاز ہوا۔ وہ اپنے کیریئر میں ’حاصل’، ’مقبول‘، ’لائف ان اے میٹرو‘، ’دی لنچ باکس‘، ’حیدر‘، ’پیکو‘، ’تلوار‘ اور ’ہندی میڈیم‘ جیسی کامیاب فلموں میں جلوہ گر ہوئے۔ عرفان خان بولی وڈ کے ساتھ ساتھ ہولی وڈ فلموں میں بھی جلوہ گر ہوئے، انہوں نے ’سلم ڈاگ ملینیئر‘، ’لائف آف پائے‘،
’دی امیزنگ سپائے ڈر مین‘ اور ’جریسک ورلڈ‘ جیسی نامور ہولی وڈ فلموں میں کام کیا۔ عرفان خان کے انتقال پربھارتی اداکاروں نے اپنے دکھ اورغم کااظہارکیاہے۔امیتابھ بچن نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ عرفان خان سب کو بہت جلدی چھوڑ کر چلے گئے، وہ بے حد ٹیلنٹڈ اور بہترین ساتھی تھے۔پریانکا چوپڑا نے بھی اپنی فلم ’7 خون معاف‘ کی ایک تصویر شیئر کی جس میں عرفان خان نے ان کے ساتھ کام کیا تھا۔اداکار کرن کھیر کا کہنا تھا کہ انہیں عرفان خان کے انتقال کی خبر سن کر بے حد تکلیف پہنچی، وہ ایک بہترین اداکار تھے۔ٹائیگر شیروف نے بھی اس خبر پر اپنے دکھ کا اظہار کیا۔اداکارہ ہما قریشی نے لکھا کہ عرفان خان کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اکشے کمار نے کہا ہمارے زمانے کے بہترین اداکاروں میں سے ایک عرفان خان کے انتقال کا سن کر بے حد افسوس ہوا ہے، خدا اس مشکل گھڑی میں ان کے گھر والوں کو ہمت دے۔اجے دیوگن نے عرفان خان کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سنیما کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔اداکارہ سونم کپورنے عرفان خان کے انتقال پر افسوس اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ شعبانہ اعظمی نے لکھا کہ عرفان خان کا انتقال نہ صرف ان کے گھر والوں کے لیے بلکہ پوری فلم انڈسٹری کے لیے بہت بڑا نقصان ہے۔