آج لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے بہت سے لوگ رابطے میں ہیں اور وہ سب اشارے کا انتظار کر رہے ہیں ، مناسب وقت پر سامنےبھی آجائیں گے، ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کے دوران پی ٹی آئی کے بہت سے افراد نے مجھ سے رابطہ کیا تھا، ان سب کا تعلق پنجاب سے ہے اور وہ اب بھی رابطے میں ہیں اور ن لیگ میں شام ہونا چاہتے ہیں، انہیں مناسب وقت پر سامنے لائیں گے۔
کیا یہ ممکن ہے کہ سڑک کی تعمیر میں 20 کروڑ روپے فی کلو میٹر کے حساب سے کرپشن ہوئی ہو؟
وزیراعظم کی طرف سے کرپشن کے الزامات پر ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے سڑکوں میں کرپشن کے نام پر ایک نئی کہانی سنا دی ہے ، وہ کہتے ہیں کہ ایک کلو میٹر سڑک کی تعمیر میں 20 کروڑ روپے کی کرپشن کی گئی ، کیا ان کی کہی بات ممکن ہے کہ فی کلو میٹر بیس کروڑ کا غبن کیا گیا ہو؟
لانگ مارچ کیلئے پہلے بھی تیار تھے، پیپلزپارٹی نکل گئی
پی ڈی ایم کے مستقبل اور لانگ مارچ کے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ہماری پارٹی تو پہلے بھی لانگ مارچ کیلئے تیار تھی، لیکن پیپلزپارٹی نکل گئی، ہم اب بھی تیار ہیں لیکن اس کا فیصلہ پی ڈی ایم کی قیادت کرے گی۔
جادو ٹونے سے حکومتیں نہ بنتی ہیں نہ گرتی ہیں
وزیراعظم عمران خان کے طرزحکومت کو مزید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگوں کی ساری زندگی یورپ میں گزری، لیکن اس کے بعد میں انہوں نے درباروں پہ آ کر ماتھے ٹیکے ، یہ ناقص عقیدے ہیں،جادو ٹونے سے حکومتیں گرتی ہیں نہ بنتی ہیں ، اللّٰہ تعالیٰ کی ذات ہی عزت دیتی ہے، ذلت بھی اسی کے ہاتھ میں ہے۔