ٹی20 ورلڈکپ کے سپر 12 مرحلے کے چوتھے میچ میں پاکستان نے بھارت کو جیت کیلئے 160 رنز کا ہدف دیا ہے۔
میلبرن میں کھیلے جارہے میچ میں بھارتی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، ابتداء میں بھارتی بالرز نے پاکستان کے دونوں اوپنرز کو جلد ٹھکانے لگادیا تھا۔
پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 159 رنز اسکور کئے، قومی ٹیم کی جانب سے افتخار احمد نے جارحانہ کھیل پیش کرتے ہوئے 35 گیندوں پر 4 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔
دیگر بلےبازوں میں کپتان بابراعظم صفر، محمد رضوان 4، شاداب خان 5، حیدر علی 2، محمد نواز 9، آصف علی 2، شاہین آفریدی 16 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پاکستان کے لیے شان مسعود نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کیا اور 52 رنز بنائے۔
بھارت کی جانب سے ارشدیب اور ہاردک پانڈیا نے 3، 3 جبکہ محمد شامی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کے اسکواڈ میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد، حیدر علی، محمد نواز، آصف علی، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، شاداب خان اور حارث رؤف شامل ہیں۔
دوسری جانب بھارت کے اسکواڈ میں کپتان روہت شرما، کے ایل راہول، ویرات کوہلی، سوریہ کمار یادیو، ہاردک پانڈیا، دنیش کارتک، اکشر پٹیل، آر اشون، محمد شامی، بھونیشور کمار اور ارشدیپ سنگھ شامل ہیں۔