رواں برس فٹبال ورلڈکپ کے میزبان ملک قطر نے ایونٹ میں شرکت کیلئے آنے والے شائقین کو کورونا وائرس ٹیسٹ کی منفی رپورٹ سے استثنیٰ دے دیا ہے۔
قبل ازیں قطر نے فٹبال شائقین کیلئے ملک میں داخلے کے وقت کورونا منفی رپورٹ پیش کرنا لازمی قرار دیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق 20 نومبر سے شروع ہونے والے فٹبال ورلڈکپ میں 12 لاکھ شائقین کی آمد متوقع ہے۔
وزارت صحت نے شائقین کیلئے وہ شرط بھی ختم کر دی ہے جس میں انہیں اسٹیڈیم، دکانوں اور ریستورانوں میں داخلے سے پہلے اسمارٹ فون ٹریک کرنے والی سرکاری ایپ پر اپنا کورونا رزلٹ شیئر کرنا تھا۔
گزشتہ ہفتے قطر نے چہرے پر ماسک پہننے کے حوالے سے بھی نرمی کی ہے، اب شہریوں کو صرف مراکز صحت میں جاتے وقت ماسک پہننا ہوگا۔