آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی کے سپر 12 کے میچ میں نیوزی لینڈ نے سری لنکا کو 65 رنز سے شکست دیدی۔
سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور لنکن ٹیم کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا۔ہدف کے تعاقب میں سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ لائن فلاپ ہو گئی اور پوری ٹیم 20 ویں اوور میں 102 رنز پرآؤٹ ہو گئی۔سری لنکا کی جانب سے داسن شناکا نے 35 اور بھنوکا راجا پاکسے نے 34 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کی، دو دو وکٹیں مچل سینٹنر اور اش سوڈھی نے حاصل کی۔ نیوزی لینڈ گلین فلپس کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کی اننگز
سری لنکا کے خلاف نیوزی لینڈ کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا اور پہلی وکٹ دوسری ہی گیند پر گر گئی جب ایلن فن تیکشانا کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پھر 7 کے مجموعے پر ڈیون کونوے بھی دننجیا ڈی سلوا کی گیند پر بولڈ ہو گئے جبکہ 15 رنز پر تیسرے آؤٹ ہونے والے کیوی بیٹر کین ولیمسن تھے جو 8 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔
ابتدائی تین وکٹیں جلدگرنے کے بعد گلین فلپس اور ڈیرل مچل نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کے درمیان 84 رنز کی شراکت ہوئی اور مچل 22 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ گلین فلپس نے شاندار بلے بازی کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے 61 گیندوں پر سنچری مکمل کی اور وہ 104 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
مقررہ 20 اوورز میں نیوزی لینڈ نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنائے اور سری لنکا کو جیت کے لیے 168 رنز کا ہدف دیا ہے۔
یاد رہے کہ نیوزی لینڈ نے پہلے میچ میں دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 89 رنز سے شکست دی تھی جبکہ کیویز کا افغانستان کے خلاف دوسرا میچ بارش کی نذر ہو گیا تھا۔