آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان نے گروپ 2 کے اہم میچ میں بنگلہ دیش کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی۔
گرین شرٹس نے 128 رنز کا ہدف 18.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد رضوان 32، محمد حارث 31، بابر اعظم 25 اور شان مسعود 22 رنز بنا کر نمایاں رہے، شاہین شاہ آفریدی نے تباہ کن باؤلنگ کی اور 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑی کئے، انہیں مرد ِمیدان قرار دیا گیا۔
گزشتہ روز ایڈیلیڈ، اوول میں کھیلے گئے گروپ 2 کے اہم میچ میں بنگلہ دیش کے کپتان شکیب الحسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو غلط ثابت ہوا، بنگال ٹائیگرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 127 رنز بنائے، نجم الحسن شانتو نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 54 رنز بنائے، دیگر بیٹرز میں عفیف حسین 24 اور سومیا سرکار 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، پاکستان کی طرف سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا اور 22 رنز کے عوض 4 کھلاڑی میدان بدر کئے، شاداب خان نے دو جبکہ حارث رؤف اور افتخار احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی،
جواب میں پاکستان نے مطلوبہ ہدف 18.1 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد رضوان نے 32، محمد حارث نے 31، کپتان بابر اعظم نے 25 اور شان مسعود نے ناٹ آؤٹ 24 رنز بنائے، بنگلہ دیش کی طرف سے ناسم احمد، شکیب الحسن، مصطفیض الرحمان اور عبادت حسین نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔