متحدہ عرب امارات نے مریخ کے بعد چاند کے اسرار دریافت کرنے کیلئے پہلا اماراتی خلائی مشن (ایکسپلورر راشد) 28 نومبر کو چاند پر بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔
الامارات الیوم کے مطابق محمد بن راشد خلائی سینٹر کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امارات کے مقامی وقت کے مطابق پہلا اماراتی خلائی مشن 28 نومبر کو 12 بج کر 46 منٹ پرروانہ کیا جائے گا۔بیان کے مطابق تاریخ اور وقت میں موسمی حالات یا دیگر امور کی وجہ سے تبدیلی ہو سکتی ہے۔
یہ اعلان اٹلس کے دھانے پر ایکسپلورر راشد کی لینڈنگ کے مقام کی تصدیق کے بعد کیا گیا ہے۔آئی سپیس کے مطابق خلائی گاڑی براہ راست چاند کا رخ کرنے کے بجائے کم توانائی والے ٹریک کا انتخاب کرے گی۔ روانگی کے پانچ ماہ بعد مارچ 2023ء میں چاند پر اترے گی۔یاد رہے کہ چاند کی دنیا کا پتہ لگانے والے اماراتی روور کو ’راشد‘ نام دیا گیا ہے۔
مشن کا مقصد چاند کی سطح کی مختلف پہلوؤں سے جانچ کرنا ہے جن میں چاند کی مٹی اور اس کی تشکیل اور اجزا، اس کی حرارتی خصوصیات اور ترسیل کی خصوصیات کی جانچ کی جائے گی۔ مشن کے دوران روور چاند کی سطح کی تصاویر لے گا اور دبئی کے کنٹرول روم میں واپس بھیجے گا۔ مشن مادی سائنس، روبوٹکس، نقل و حرکت، نیویگیشن اور مواصلات میں نئی ٹیکنالوجیز کا بھی تجربہ کرے گا۔