دبئی ایکسپو 2020: سعودی پویلین میں دنیا کی سب سے بڑی ڈیجیٹل سکرین نصب، نام گینز بک میں شامل کر لیا گیا

3  اکتوبر‬‮  2021

ریاض ۔3اکتوبر (اے پی پی): متحدہ عرب امارات کی ریاست دبئی میں جاری ایکسپو 2020 میں سعودی عرب کا پویلین غیر معمولی طورپر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے،اس پویلین کا رقبہ یواے ای کے بعد سب سے بڑا ہے۔ سعودی خبررساں ادارےکے مطابق ایکسپو 2020 کے سعودی پویلین میں سب سے بڑی ڈیجیٹل سکرین نصب کی گئی ہے جسے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج کیا گیا ہے۔

ایکسپودبئی میں شریک مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے سیاح بڑی تعداد میں سعودی پویلین کا رخ کرہے ہیں جہاں سعودی نوجوان لڑکے اور لڑکیاں ان کی رہنمائی کےلیے موجود ہیں۔پویلین کے چار مرکزی حصے ہیں جنہیں معاشرتی ، قدرتی ، ثقافتی اور سرمایہ کاری کے حوالے سے تقسیم کیا گیا ہے ،نمائش میں آنے والے اپنی پسند کے شعبے کا انتخاب کرتے ہیں۔

سعودی پویلین میں نصب سب سے بڑی ڈیجیٹل سکرین کے ذریعے زائرین کو سعودی عرب کے حوالے سے مختلف اہم معلومات سے تصویری طورپر آگاہ کیاجاتا ہے، سکرین میں مختلف شعبوں کے حوالے سے معلومات فراہم کی گئی ہیں،سیاحوں کی سہولت کے لیے شعبوں کو مختلف اقسام میں تقسیم کیا گیا ہے۔سعودی پویلین میں آنے والوں کو مملکت کے حوالے سے مختلف اہم معلومات فراہم کی جاتی ہے جن میں سعودی عرب کی تہذیب وثقافت ، حاضر اور مستقبل کے منصوبوں کے علاوہ مملکت میں سرمایہ کاری کے مواقع اور سہولیات بارے آگاہی شامل ہے۔

پاکستانی پویلین میں کیا کچھ ہے؟

پاکستان کی منفرد اور دلکش ثقافتوں سے مزین شناخت پاکستانی پویلین سے عیاں ہونے لگی۔پاکستان پویلین میں بڑی اسکرینز پر پاکستان کے انمول سیاحتی علاقوں کی عکاسی کی گئی، پاکستان کے گلیشئر، پہاڑ، دریا، سمندر، ریگستان، گلگت کا سرد ریگستان غیر ملکی سیاحت کاروں کیلئےکشش کا باعث بنے ہوئے ہیں۔

نمائش میں پاکستان کے مختلف مذاہب کی بھی عکاسی کی گئی، جبکہ پاکستانی ثقافتی لباس پہنے پرجوش پاکستانی رضاکار آنے والوں کو خوش آمدید کہہ رہے ہیں۔ 6 ماہ جاری رہنے والے عالمی نمائش میں پاکستانی پویلین نے اکتوبر ’بلوچستان‘ کے نام کیا ہے، جبکہ دیگر مہینوں میں پاکستان کے چاروں صوبوں،  کشمیر اور گلگت بلتستان کے شوز بھی ہوں گے۔

یاد رہے کہ 190ممالک کے پویلین ’دبئی ایکسپو 2020‘ میں موجود ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved