وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف تحریک عدم اعتماد، ن لیگ کا بڑا یوٹرن

23  دسمبر‬‮  2022

مسلم لیگ ن نے وزیر اعلیٰ پنجاب کیخلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد واپس لے لی۔

لیگی رہنما خلیل طاہر سندھو کا کہنا تھا کہ چودھری پرویز الہیٰ اب وزیر اعلی نہیں رہے اس لیے تحریک عدم اعتماد واپس لے لی، تحریک عدم اعتماد اب غیر موثر ہو چکی، اس لیے واپس لے رہے ہیں، اسپیکر صوبائی اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد انٹیکٹ رہے گی۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری نے گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے کابینہ کو تحلیل کرنے کا نوٹفکیشن جاری کر دیا۔ گورنر پنجاب بلیغ الرحمان کی جانب سے نوٹی فکیشن کی کاپی سیکریٹری پنجاب کو ارسال کی گئی جس میں انہیں حکم پر عمل درآمد کیلیے فوری اقدامات کی ہدایت کی گئی۔ چیف سیکریٹری نے احکامات کے تحت چوہدری پرویز الہی اور کابینہ کو تحلیل کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا، پنجاب کے محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن کے کابینہ ونگ نے کابینہ معطلی کے احکامات جاری کیے۔

قبل ازیں پاکستان تحریک انصاف نے گورنر پنجاب کی جانب سے وزیراعلیٰ پرویز الہیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اب گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کے لیے صدر کو ریفرنس بھیجا جائے گا۔ فواد چوہدری نے کہا کہ گورنر کی جانب سے وزیراعلیٰ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں ہے، پرویز الہیٰ اور صوبائی کابینہ بدستور اپنے فرائض انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ گورنر پنجاب کو عہدے سے ہٹانے کی کارروائی کا آغاز کیا جارہا ہے اور اُن کے خلاف ریفرنس صدر کو بھیجا جائے گا۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved