آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پائیدار امن کے لیے دہشت گردوں کا گٹھ جوڑ توڑ دیں گے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی ار) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے شمالی وزیرستان اور تربیلا کا دورہ کیا۔ آرمی چیف کی آمد پر کور کمانڈر پشاور نے استقبال کیا جبکہ آرمی چیف نے میرانشا میں یادگار شہدا پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔
آرمی چیف کو فیلڈ کمانڈرز نے علاقے کی تازہ ترین سیکیورٹی صورتحال سے آگاہ کیا۔ آرمی چیف نے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے بہادر سپاہیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
جنرل سید عاصم منیر نے پاک افغان سرحد پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور افسروں و جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت اور بلند حوصلے کو سراہا۔اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاک فوج بارڈر سیکیورٹی بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے اور پائیدار امن کے لیے دہشتگردوں کا گٹھ جوڑ توڑ دیں گے۔ سماجی واقتصادی ترقی سے دیرپا امن یقینی بنایا جا سکتا ہے۔آرمی چیف نے ایس ایس جی کے افسران اور جوانوں بشمول الضرار کمپنی سے ملاقات کی اور کہا کہ ایس ایس جی قوم کا فخر ہے۔
واضح رہے کہ الضرار کمپنی کے افسران اور جوانوں نے بنوں آپریشن میں حصہ لیا تھا۔