ضلعی انتظامیہ نے امن و امان کے خدشے کے پیش نظر شہر میں دفعہ 144 نافذ کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر ڈی سی اسلام آباد عرفان نواز میمن نے شہر میں فوری طور پر دفعہ 144 نافذ کر دی ہے جس کے بعد شہریوں پر مختلف پابندیاں عائد ہوگئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ خودکش دھماکے کے بعد حفاظتی اقدامات کے پیش نظر شہر میں 15 دن کے لیے دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے، خطرے کے پیش نظر شہر بھر میں ہر قسم کی کارنر میٹنگز، جلسے اور عوامی اجتماعات کا انعقاد ممنوع ہوگا، دفعہ 144 کا نفاذ لوکل باڈیز انتخابات اور اس سے متعلقہ سیاسی اجتماعات، جلسوں، کارنر میٹنگز پر بھی ہوگا۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں کی طرف سے خطرے کی ایڈوائزری جاری کرنے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، ایڈوائس کے بعد دہشت گردی جیسی کوئی بھی ناگہانی صورتحال خارج از امکان نہیں رہی۔