سابق وفاقی وزیر اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ ن لیگ کے ایم پی ايز ہمارے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کرنا چاہتے ہیں، ان حلقوں میں جہاں تحریک انصاف اور ق لیگ کے ارکان نہیں ہیں وہاں پر ان کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔
لاہور زمان پارک میں پی ٹی آئی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ 11 جنوری سے پہلے اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیں گے، ہم قومی انتخابات کی طرف بڑھ رہے ہیں، ہماری امید ہے مارچ اوراپریل انتخابات کے مہینے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فوری انتخابات کی ضرورت ہے، یہ حکومت الیکشن کرانے کوتیارنہیں، حکومت جانتی ہے انتخابات نہیں جیت سکتی، الیکشن کرانے کےلیے اداروں کواپنا کردار ادا کرنا چاہیے، فیصلہ کرنے والے ادارے ملکی حالات کو دیکھیں۔
فواد چوہدری نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ کے ممبران بھی ہمارے ساتھ آنا چاہتے ہیں، جن حلقوں میں پی ٹی آئی یا ق لیگ کے امیدوار نہیں ہوں گے وہاں ن لیگ سے آنے والوں پر غور کریں گے، وہاں پر ان کے ساتھ ایڈجسٹمنٹ کی جائے گی۔
ان کا کہنا تھاکہ اگر آئی ایم ایف سے ہمارا پروگرام نہیں چلتا تو ملک ڈیفالٹ کرجائے گا، آئی ایم ایف کی شرائط مانی جاتی ہیں تو ڈالرمزید مہنگا ہوجائے گا، ہم نے 55 لاکھ نوکریاں پیدا کی تھیں، اس حکومت نے صرف ٹیکسٹائل کے شعبے میں 15 لاکھ نوکریاں ختم کی ہیں۔