گلوکارہ و اداکارہ میشا شفیع کی جانب سے خود کو ہراساں کئے جانے پر کھل کے بات کرنے کے بعد ان سے شوبز کی کن شخصیات نے رابطہ کیا، اور انہیں کیا کہا، اس پر میشا شفیع نے آج عدالت پیشی کے موقع پر اس کے متعلق بات کی ہے۔
آج ہتک عزت کیس میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے میشا شفیع کا کہنا تھا کہ ہراساں کئے جانے پر کھل کے بات کرنے کا مجھے مالی طور پر بہت نقصان ہوا، لیکن مجھے امید ہے کہ فیصلہ میرے حق میں آئے گا۔
میشا شفیع کا کہنا تھا کہ انہیں عدالت نے پہلے کبھی نہیں بلایا، اب پہلی بار طلب کیا تو میں پیشی پر آ گئی، اس کے علاوہ جو بھی رپورٹ ہوتا رہا وہ سب غلط ہے۔
انہوں نے کہا کہ خود کو ہراساں کئے جانے پر کھل کے بات کرنے کے بعد شوبز کی متعدد خواتین نے ان سے رابطہ کیا، اور اپنی آپ بیتی سنائی، کیونکہ وہ جانتی ہیں کہ اس طرح کرنے سے متاثرہ خاتون کا درد کم ہوتا ہے، لیکن ان کے نام بتانا مناسب نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ سب جانتی تھیں کہ جو اس درد سے گزرتا ہے وہی اس کو سمجھ سکتا ہے۔ میشا شفیع کا کہنا تھا کہ شاید لوگ ان سے اس لیے بھی رابطہ کرتے ہیں کیونکہ ایسے لوگوں کو لگتا ہے کہ وہ خود کو ہراساں کرنے والے افراد کا نام نہیں لے سکتے مگر اپنا درد بتا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ میشا شفیع نے اپریل 2018ء میں علی ظفر پر جنسی طور پر ہراساں کرنے کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد علی عظمت نے ان کے خلاف لاہور کی مقامی عدالت میں ہتک عزت کا دعویٰ دائر کیا تھا، اور یہ کیس اب تک زیر سماعت ہے۔