ایرانی صدر کا حکومت مخالف مظاہرین سے نرمی نہ برتنے کا اعلان

27  دسمبر‬‮  2022

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نےحکومت مخالف مظاہرین سے نرمی نہ برتنے کا اعلان کیا ہے۔

 ایران میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہاسا امینی کی مبینہ تشدد سے ہلاکت کے خلاف مظاہرے 3 ماہ سے زائد عرصے سے جاری ہیں۔

رپورٹس کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا ہے کہ ایران وطن دشمن مخالفین کے ساتھ کوئی رحم نہیں برتے گا۔

تہران میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے صدر ابراہیم رئیسی کا کہنا تھا کہ ایرانی قوم کا دل سب کے لیے کھُلا ہے لیکن دشمن پر بالکل رحم نہیں کیا جائے گا، دشمن افواہیں پھیلا کر معاشرے کو تقسیم کر کے اسلامی معاشرتی اقدار سے ہٹانا چاہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کی چالیں کامیاب نہیں ہوں گی اور دشمن اپنے مقاصد کبھی حاصل نہیں کر سکے گا۔

یاد رہے کہ ایران میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار 22 سالہ مہسا امینی مبینہ طور پر دل کا دورہ پڑنے سے 16 ستمبر کو انتقال کر گئی تھی۔

غیر ملکی انسانی حقوق تنظیموں کے مطابق ایران میں جاری مظاہروں میں اب تک ساڑھے چار سو سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں، ایران میں ملک و قوم کو نقصان پہنچانے پر 2 مظاہرین کو پھانسی دی جا چکی ہے جبکہ دیگر 9مظاہرین کو موت کی سزا سنا دی گئی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved