اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے تحریک انصاف کے وفد کی ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے ملاقات میں استعفے نہ دینے والے اراکین اور خفیہ رابطوں سے بات کرنے والے پی ٹی آئی اراکین سے متعلق بات سامنے رکھ دی۔ذرائع کا بتانا ہے کہ اسپیکر نے پی ٹی آئی کے اراکین اسمبلی کی جانب سے حاضری کی بنیاد پر تنخواہ لینے کا دعویٰ بھی کیا، اسپیکر کے انکشافات کے بعد تحریک انصاف کا وفد ایک دوسرے کو دیکھنے لگا۔اس حوالے سے اسد قیصر کا کہنا تھا ہم اس بارے میں عمران خان سے بات کرکے آپ کو بتائیں گے۔
ذرائع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق زبیدہ جلال، غلام بی بی بھروانہ، غلام محمد لالی نے حاضری رجسٹر میں حاضری لگا دی، 22 ارکان نے اسپیکر کو ٹیلیفون کیا، 6نے کہا اجتماعی استعفوں پر ہمارے جعلی دستخط ہیں۔
دوسری جانب پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے شاہ محمود قریشی اور پرویزخٹک کو لاہور بلا لیا، دونوں پارٹی رہنما عمران خان سے آج زمان پارک میں ملاقات کریں گے۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان نے پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی کو استعفوں پر واضح مؤقف کے لیے بلایا ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک کی آج استعفوں کے معاملے پر اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ہونی تھی لیکن دونوں رہنما اسپیکر قومی اسمبلی سے ہونے والی ملاقات میں شریک نہ ہوئے، شاہ محمود قریشی کی غیر موجودگی میں اسد قیصر نے وفد کی قیادت کی۔