خیبر پختونخوا کے ضلع کرم کے علاقے اراوالی میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشتگرد ہلاک ہوئے جبکہ پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوگئے۔
انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے، مارے گئے دہشت گردوں سے ہتھیار اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگرد سکیورٹی فورسز کےخلاف دہشتگردی میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کے 3 جوان شہید ہوئے جن میں صوبیدار شجاع محمد، نائک محمد رمضان اور سپاہی عبدالرحمان شامل ہیں۔
سکیورٹی فورسز کا علاقے میں کلیرنس آپریشن جاری ہے، پاک فوج دہشتگردی کی لعنت کے خاتمے کیلئے پر عزم ہے، بہادر جوانوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔