تحریک انصاف کا کل سے مہنگائی کیخلاف ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان

29  دسمبر‬‮  2022

پاکستان تحریک انصاف نے مہنگائی اور معاشی بدحالی کے خلاف کل سے ملک گیر احتجاجی تحریک شروع کرنے کا اعلان کردیا۔ 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر فواد چوہدری نے کہا کہ مہنگائی اور معیشت کی تباہی کے حوالے سے احتجاج کیا جائے گا، گھروں میں بجلی نہیں، گیس کی قلت ہے، تیل مہنگا ہورہا ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان کو پہنچ گئیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری یہ تحریک مختلف مراحل پر مشتمل ہوگی، پہلے مرحلے میں تین ہفتوں تک حلقوں میں ایم این ایز اور ایم پی ایز کی سربراہی میں احتجاجی ریلیاں نکالی جائیں گی اور پھر ہم اپنے اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

فواد چوہدری نے واضح کیا کہ ہم دوبار ہسڑک پر ہوں گے اور جب تک حکومت نہیں جاتی احتجاج کا سلسلہ وقتاً فوقتاً جاری رکھیں گے، پورے پاکستان کے لوگ باہر نکلیں اور اپنے حق کیلیے آواز اٹھائیں، تحریک انصاف کی احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ٹیکنوکریٹ حکومت کی بازگشت کو پی ٹی آئی قیادت نے مسترد کیا ہے کیونکہ پاکستان میں ایسے طرز حکومت کی گنجائش نہیں ہے، پاکستان کے عوام ٹیکنوکریٹ حکومت کو قبول نہیں کریں گے کیونکہ اُن کا مطالبہ فوری اور شفاف انتخابات ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پنجاب کی حکومت بنانا اور اسمبلی تحلیل کرنا پی ٹی آئی کا آئینی حق ہے، اس وقت جو پنجاب کے حوالے سے سازش ہورہی ہے اُس سے باز رہا جائے تو اچھا ہے، اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد پنجاب اسمبلی کو تحلیل کردیا جائے گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پنجاب میں ہارس ٹریڈنگ کا کھیل کھیلا گیا، جس میں آصف زرداری، ناصر حسین شاہ اور شرجیل میمن شامل ہیں، ہم اسپیکر پنجاب اسمبلی سے مطالبہ کریں گے کہ وہ ان تینوں شخصیات کے دورہ پنجاب کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کر کے کارروائی کی سفارش کریں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے اراکین کو پیسوں کے ساتھ، عمرے اور لندن بھیجنے کی پیش کش بھی کی جارہی ہے مگر اب تک گنتی کے حساب سے ہمارے اراکین ساتھ کھڑے ہیں کیونکہ وہ ماضی میں منحرف ہونے والے بیس اراکین کو دیکھ رہے ہیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved