وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ عدالت کا حکم سر آنکھوں پر لیکن قابل عمل نہیں، کل اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کروانا ممکن نہیں ہے۔
نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسلام آباد میں بلدیاتی الیکشن کیلئے 4 سے5 ماہ لگیں گے، جنرل الیکشن کیلئے تو 8 سے 10 ماہ چاہئیں، 1 ہزار پولنگ اسٹیشنز کیلئےانتظامات کم وقت میں نہیں ہوسکتے۔
رانا ثناء نے کہا کہ اسلام آباد میں پہلے ہی حملہ ہو چکا ہے، ابھی بھی سیکیورٹی خدشات ہیں، الیکشن کمیشن اپنے طور پر اپیل دائر کرنے کا مجاز ہے، ہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے پر اپیل دائر کریں گے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ کل الیکشن کروانا نہ الیکشن کمیشن کیلئے ممکن ہے نہ ہمارے لیے، اسلام آباد میں پہلے ہی تھریٹ الرٹ ہے، کچھ دن پہلے حملہ ہوچکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ سفارت کار جس قسم کی سیکیورٹی خدشات کا اظہار کر رہے ہیں ایسا کوئی معاملہ نہیں۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ الیکشن میں ہزاروں لوگ اکٹھے ہوتے ہیں دہشت گرد ایسی صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔