امریکہ کے قومی سلامتی مشیر جیک سلیوان اسرائیل کے نئے وزیراعظم بین یامین نیتن یاہو سے مذاکرات کیلئے جائیں گے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق وائٹ ہاؤس کو نئی اسرائیلی حکومت کی فلسطین سے متعلق پالیسیز پر تشویش ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو مغربی کنارے میں یہودی آبادکاری میں توسیع اور فوجی چوکیاں قائم کرنے کا کہہ چکے ہیں۔
اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی قومی سلامتی مشیر کے دورے کے بعد سیکرٹری خارجہ انٹونی بلنکن بھی اسرائیل کا دورہ کریں گے۔
جیک سلیوان اپنے دورے میں وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیل کے مشیر قومی سلامتی زاچی ہانیگبی سے ملاقات کریں گے۔
اسرائیلی حکام نے کہا کہ نیتن یاہو بائیڈن انتظامیہ کے ساتھ دو اہم مسائل پر کام کرنا چاہتے ہیں، ایران کے جوہری پروگرام کو روکنا اور سعودی عرب کے ساتھ امن معاہدہ کرنا۔
امریکی سیکرٹری خارجہ نے گزشتہ روز اپنے بیان میں کہا تھا کہ بائیڈن انتظامیہ کسی بھی ایسی پالیسی کی مخالفت کرے گی جس سے دو ریاستی حل یا جمہوری اقدار کو خطرہ ہو۔