ایم کیو ایم پاکستان نے پی ٹی آئی کو تنبیہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی سوچ سمجھ کر بیانات دے، اب سیاسی مینجمنٹ کیلئے کوئی مدد کو نہیں آئے گا۔
ترجمان ایم کیو ایم پاکستان نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں تعریفوں کے پل باندھنے والوں کو آج ایم کیو ایم دہشت گرد نظر آنے لگی، ایم کیو ایم کےکارکنان غنڈےہیں تو عمران خان کیوں بہادرآباد تشریف لائے؟
ترجمان نے کہا کہ کل تک پی ٹی آئی کی حکومت جن بیساکھیوں پرتھی آج وہ تمام برے ہوگئے، پی ٹی آئی جس کارخانے کی پیداوار ہیں اس کی مخلص نہ ہوسکی تو ہمارا احسان کیا مانتے۔
ترجمان ایم کیوایم نے کہا کہ پی ٹی آئی کو 2018ء میں کراچی سےجونشستیں دی گئیں،اب ایک نہیں ملےگی۔
ایم کیو ایم کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں کے بیانات کھسیانی بلی کے کھمبا نوچنے کے مترادف ہیں، پی ٹی آئی کی پوری قیادت بوکھلاہٹ اور جھنجھلاہٹ کا شکار ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم نے کہا کہ پی ٹی آئی کے غیر سیاسی لوگوں سےسیاسی بات کی توقع فضول ہے۔
دوسری جانب ایم کیو ایم کے رہنماء حیدر عباس رضوی کا اپنے بیان میں کہنا تھا کہ مشرف دور میں فواد چوہدری نے سیاست میں قدم رکھا۔ ق لیگ کی حکومت تھی اور ایم کیو ایم آپ کی اتحادی تھی۔
حیدر عباس رضوی نے فواد چوہدری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پھر آپ پیپلز پارٹی میں آگئے، تب بھی ایم کیو ایم اتحادی تھی۔
پھر آپ پی ٹی آئی میں آگئے ایک واری فیر ایم کیو ایم اتحادی تھی۔
حیدر عباس رضوی نے مزید کہا کہ آپ کا تو ایم کیو ایم سے جنم جنم کا رشتہ ہے۔ ساری عمر گزار دی آپ نے ایم کیو ایم کے ساتھ! اللہ جانے آپ تب غلط تھے یا اب غلط ہیں۔
یاد رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے گزشتہ روز بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ کراچی روشنیوں کا شہر تھا، پھراسٹیبلشمنٹ کو خیال آیا کہ ہماری پارٹی ہونی چاہیے، سارے غنڈے جمع کر کے ایم کیوایم بنا دی گئی۔