گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ فاروق ستار اور پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان میں بطور کارکن کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
نجی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کامران ٹیسوری کا کہنا تھاکہ ہمیں ایک دوسرے کو ٹھیک نہیں کرنا بلکہ شہر کو ٹھیک کرنا ہے، کراچی روشنیوں کا شہر تھا جو اب مجرموں کا شہر بنتا جارہاہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم پاکستان ہی رہےگی اور ہوگی جس کا نشان پتنگ ہے، سربراہ خالد مقبول ہیں، جب مقصد بڑا ہو تو ماضی کی باتوں کونہیں دیکھاجاتا، سب اس بات پر متفق ہیں کہ ہمیں صرف وعدوں کے ساتھ رکھا گیا، ہم اس سال کراچی کوڈیولپ ہوتاہوادیکھیں گے، اس پرکام شروع ہوچکاہے، کراچی گرین اور کلین ہونا شروع ہوگیا ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ ہماری فورسزنےکراچی میں امن کیلئےبہت قربانیاں دی ہیں، یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، بہت سی جماعتیں ہیں جوبہت کچھ جمع کرتی ہیں لیکن لوگوں کونظرصرف ایم کیوایم ہی نظر آتی ہے۔
ایم کیو ایم کے مطالبات اور خدشات پر گورنر سندھ نے کہا کہ پیپلز پارٹی سے کہا ہے ایم کیو ایم کو مطمئن کیا جائے، چاہتاہوں افہام و تفہیم کےساتھ معاملے کو حل کرلیا جائے، جلد کوئی لائحہ عمل بنا کر ایم کیو ایم کو مطمئن کیا جائے، حلقہ بندیاں اور 140 اے معاہدے کا حصہ ہے۔
ان کا کہنا تھاکہ فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال ایم کیو ایم پاکستان میں بطور کارکن کام کرنے کے لیے تیار ہیں، جلد ایم کیو ایم حقیقی کے آفاق احمد کو بھی ایک پیج پر آنے کی دعوت دیں گے۔