وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کے افغانستان میں کالعدم تحریک طالبان کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کے بیان پر افغان حکومت کا ردعمل سامنے آگیا ہے۔
ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ کسی کو بھی افغانستان میں حملہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، افغانستان پاکستان سے اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، پاکستانی حکام کو بات کرتے ہوئے محتاط رہنا چاہیے۔امارت اسلامیہ کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا تھا کہ کسی ملک کو دوسرے ملک کے علاقے میں حملہ کرنے کا حق نہیں ہے، دنیا کا کوئی قانون ایسی جارحیت کی اجازت نہیں دیتا،اگر کسی کو کوئی پریشانی ہے تو امارت اسلامیہ سے بات کرے،ہماری سیکیورٹی فورسز کارروائی کرسکتی ہیں۔
دوسری طرف افغان وزارت دفاع سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی حکام کا بیان بے بنیاد اور اشتعال انگیز ہے، کوئی بھی مسئلہ یا تنازع سمجھوتے کے تحت حل ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ رانا ثنااللہ نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ افغانستان نے ٹی ٹی پی ٹھکانوں کے خلاف کارروائی نہیں کی تو پاکستان افغانستان میں ٹی ٹی پی ٹھکانوں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔