سندھ ہائی کورٹ نے قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے سے متعلق درخواست پر پولیس کو شہباز گل کی گرفتاری سے روکتے ہوئے آئی جی سندھ اور دیگر کو نوٹسز جاری کردیئے۔
جسٹس صلاح الدین پنہور کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو قومی اداروں کے خلاف تضحیک آمیز بیان دینے سے متعلق پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کی درخواست پر سماعت ہوئی۔درخواست گزار کے وکیل نے موقف دیا کہ سرجانی ٹاؤن، بریگیڈ اور رضویہ تھانے کی پولس کو شہباز گل کے خلاف درج مقدمات میں گرفتاری سے روکا جائے، جب تک درخواست پر حتمی فیصلہ نہیں ہوجاتا، پولیس کو شہباز گل کو گرفتار کرنے سے روکا جائے۔
عدالت نے آئی جی سندھ اور دیگر کو 12 جنوری کے لیے نوٹسز جاری کردیئے۔ عدالت نے پولیس کو شہباز گل کی گرفتاری سے روک دیا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ شہباز گل کو کراچی میں درج 3 مقدمات میں گرفتار نہ کیا جائے۔
دائر درخواست میں شہباز گل نے موقف اپنایا تھا کہ میرے خلاف تھانہ سرجانی ٹاؤن، بریگیڈ اور رضویہ میں مقدمات درج کیے گئے ہیں۔ بیان سے متعلق مقدمات لاہور کے تھانہ مانگا منڈی میں درج ہوچکا ہے، صغرا بائی کیس کی روشنی میں ایک واقعہ کا ایک ہی مقدمہ درج کیا جاسکتا ہے، کراچی میں درج مقدمات کو کالعدم قرار دیا جائے۔