اسرائیلی وزیرکے مسجد اقصٰی کے دورے پر مسلم دنیا کا شدید اظہار برہمی

3  جنوری‬‮  2023

اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر کے مسجد اقصٰی کے دورے پر مسلم دنیا نے شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے اسرائیلی وزیر برائے قومی سلامتی ایتمار بن گویر نے سخت سکیورٹی میں مسجد اقصٰی کا اشتعال انگیز دورہ کیا ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق اسرائیلی وزیر نے بھاری حفاظتی انتظامات میں مسجد اقصٰی کے ارد گرد چہل قدمی کی، اس بات کا کوئی اشارہ نہیں ملا کہ اسرائیلی وزیر نے دورے کے دوران عبادت کی ہو۔

خیال رہےکہ ایتمار بن گویر نے چند روز قبل مسجد اقصٰی جانے کا اعلان کیا تھا جس پر  اسرائیلی حزب اختلاف کے رہنما اور سابق وزیر اعظم یائر لاپڈ نے خبردارکیا تھا کہ ایتمار بن گویرکا دورہ تشددکو ہوا دے سکتا ہے۔

ایتمار بن گویر نےگزشتہ ہفتے نیتن یاہو کی سربراہی میں بننے والی نئی حکومت کے وزیر برائے قومی سلامتی کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

فلسطینی وزارت خارجہ نے انتہا پسند اسرائیلی وزیرکے مسجد اقصٰی کےدورے کی شدید مذمت کرتے ہوئےکہا ہےکہ اسرائیلی وزیرکا مسجد اقصٰی کا دورہ غیر معمولی اشتعال انگیزی اور تنازع میں خطرناک اضافہ ہے۔

سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن نے بھی اسرائیلی وزیر کے مسجد اقصٰی کے تقدس کو پامال کرنےکی سخت مذمت کی ہے۔

ترک وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ  اسرائیلی وزیرکے اشتعال انگیز اقدام پر گہری تشویش ہے، اسرائیل مقدس مقامات کی حیثیت و تقدس کی پامالی کرنے والے اشتعال انگیز کام نہ کرے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved