پاک فوج کے سینیئر افسر نے متنازع یوٹیوبر ریٹائرڈ میجر عادل فاروق راجہ پر برطانوی ہائی کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ کردیا۔
تفصیلات کے مطابق ریٹائرڈ میجر عادل فاروق راجہ نے پاک فوج کے حاضر سروس بریگیڈیئر پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے خلاف انتخابی دھاندلی کرنے اور جنرل ریٹائرڈ باجوہ پر ہارس ٹریڈنگ کے الزامات عائد کئے تھے۔
پاک فوج کے ایک سینئر افسر نے متنازع یوٹیوبر پر برطانوی ہائی کورٹ میں ہتک عزت کا مقدمہ کیا ہے۔ یوٹیوبر ریٹائرڈ میجر عادل فاروق راجہ پر مقدمہ ایک حاضر سروس فوجی افسر نے کیا ہے۔
متنازع یو ٹیوبر نے بریگیڈیئر پر پنجاب کے ضمنی انتخابات کے حوالے سے آصف زرداری سے خفیہ ملاقاتوں کے الزامات بھی لگائے تھے۔
برطانوی عدالت میں دائر کیے گئے مقدمے میں کہا گیا ہے کہ یوٹیوبر نے 14 جون 2022 کو حاضر سروس فوجی افسر کے خلاف مہم کا آغاز کیا۔
مدعی مقدمہ کے وکلاء نے مؤقف اپنایا ہے کہ یو ٹیوبر کی طرف سے چلائی گئی مہم سے حاضر سروس بریگیڈیئر کی ساکھ کو شدید نقصان پہنچا۔
دوسری جانب یوٹیوبر عادل راجہ نے اپنے خلاف دائر ہونے والے مقدمے کی تصدیق کردی ہے۔ یوٹیوبر کا دعویٰ ہے کہ اس کی ٹوئٹس اور وی لاگس میں دی گئیں معلومات اسٹیبلشمنٹ کے ہی اعلیٰ ذرائع کی فراہم کردہ تھیں۔
خیال رہے کہ یہ یوٹیوبر گزشتہ برس اپریل میں اسلام آباد سے لاپتہ ہونے کے بعد لندن پہنچ گئے تھے۔
حال ہی میں عادل راجا نے سوشل میڈیا پر جاری وی لاگ میں پاکستان کی ٹاپ ماڈلز اور اداکاراؤں پر سنگین الزامات عائد کیے تھےاور ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ ایک ادارے کے پاس ان ماڈلز اور اداکاراؤں کی نازیبا ویڈیوز بھی موجود ہیں۔
عادل راجا نے اپنے وی لاگ میں اداکاراؤں کا نام لینے کے بجائے ان کے ناموں کے ابتدائی حروف بتائے تھے جن میں M H. – M K. – A K- S A شامل تھے۔
اس معاملے پر اداکارہ کبریٰ خان نے اپنی اسٹوری میں لکھا کہ ’آپ کے پاس ثبوت سامنے لانے کیلئے صرف 3 دن ہیں جس کیلئے آپ نے حق اور سچ کا دعویٰ کیا ہے، اگر تم نے ایسا نہیں کیا تو اپنا بیان واپس لو اور عوام کے سامنے معافی مانگو ورنہ میں تمہارےخلاف مقدمہ کروں گی اور میں صرف پاکستانی ہی نہیں برطانوی شہری بھی ہوں لہٰذا میں وہاں بھی تمہارے پیچھے پہنچ جاؤں گی کیوں کہ میں سچ پر ہوں، میں حق پر ہوں اور میں کسی کے باپ سے بھی نہیں ڈرتی‘۔