وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ ملکی معیشت تباہ کرنے کے جرم میں جن کے خلاف ریڈ وارنٹ جاری ہونے چاہیے تھے انہوں نے حکومت کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو اپنے چار سال کے بدترین دور اقتدار کا حساب دینے کو تیار نہیں۔
اپنے بیان میں شیری رحمان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے موجودہ حکومت کی 8 ماہ کی کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کیا ہے، یہ وہ لوگ ہیں جو 4سال ملک پر مسلط رہنے کہ بعد کہتے ہیں ہمارے پاس کوئی اختیار نہیں تھا، حکومت کوئی اور چلا رہا تھا، ملک کو مفلوج اور حکومت کو مقروض کرنے والے کس منہ سے وائٹ پیپر جاری کر رہے؟
شیری رحمان نے کہا کہ جس نہج پر پی ٹی آئی نے ملک کو پہنچایا تھا وہاں سے نکلنے میں 8 ماہ نہیں کئی سال لگیں گے، 1 کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر کس کو ملے، قرضہ نہیں لوں گا کہنے والوں نے ملکی قرضوں میں 70 فیصد اضافہ کیوں کیا، کرپشن کا بیانیہ بنانے والے خود کرپشن میں نااہل کیوں ہوئے؟ انہوں نے ملکی معیشت کو توشہ خانہ سمجھ کر لوٹا، ان کا وائٹ پیپر’’چور مچائے شور‘‘ جیسا ہے۔