برطانیہ میں مقیم مسلم لیگ (ن) کے رہنما تسنیم حیدر نے سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق مزید تہلکہ خیز انکشافات کیے ہیں۔
تسنیم حیدر نے اپنے ایک بیان میں دعویٰ کیا ہے کہ صحافی ارشد شریف کو نواز شریف اور مریم نواز نے مروایا، مریم نواز ان سے سخت نفرت کرتی تھیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما نے بتایا کہ ناصر بٹ نامی شخص نواز شریف اور مریم نواز کے لیے غیر قانونی کام کرتا ہے، صحافی کے قتل کے لیے پہلے مجھے بولا گیا تھا لیکن میں نے جواب دیا کہ میرے کینیا میں تعلقات نہیں جس کے بعد یہ کام کسی اور کو سونپا گیا۔
انہوں نے بتایا کہ ارشد شریف کو قتل کرنے سے قبل ان کی ویڈیو ریکارڈ کی گئی، تین لوگوں نے صحافی پر تشدد کیا اور پھر قتل کر دیا، ارشد شریف پر تشدد اور قتل کی ویڈیو مریم نواز کو بھیجی گئی، وہ ویڈیو میں نے خود ناصر بٹ کے فون پر دیکھی ہے۔
تسنیم حیدر نے دعویٰ کیا کہ اس متعلق حقیقت سامنے آنے پر نواز شریف اور مریم نواز پاکستان بھاگ جائیں گے، میں نے لندن پولیس کو ان کے پاکستان روانگی کے ارادے کے بارے میں بتا دیا ہے، پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ انہیں ایسے واپس جانے نہیں دیا جائے گا۔