شہر قائد میں اومی کرون کا دوسرا کیس رپورٹ ہوا ، تاہم متاثرہ شخص قرنطینہ سے فرار ہوگیا ہے، پینتیس سالہ شخص برطانیہ سے آیا تھا۔
محکمہ صحت کے مطابق 35 سالہ شخص برطانیہ سے کراچی پہنچا، رینڈم چیکنگ میں متعلقہ شخص میں پہلے کورونا اور بعد میں جینوم سیکویسنگ کے بعد اومیکرون کی تصدیق ہوئی، ایئرپورٹ سے محکمہ صحت کے عملے نے متاثرہ مریض کو شاہراہ فیصل پر واقع نجی ہوٹل میں منتقل کیا تھا تاہم متعلقہ شخص ہوٹل کے قرنطینہ سے فرار ہوگیا۔
محکمہ صحت کا یہ بھی بتانا ہے قرنطینہ پر سکیورٹی فراہم کرنا محکمہ داخلہ، پولیس اور متعلقہ ڈی سی کی ذمہ داری ہے۔مطابق نجی ہوٹل میں اب بھی کورونا سے متاثرہ 19 افراد قرنطینہ میں موجود ہیں، نجی ہوٹل میں متاثرہ لوگ قرنطینہ میں ہیں لیکن انہیں سکورٹی اب بھی فراہم نہیں کی گئی۔
محکمہ صحت کا یہ بھی بتانا ہے کہ کورونا سے متاثرہ 19 میں سے 5 افراد کی جینوم سیکوئنسنگ ابھی ہونی ہے، سکیورٹی کی عدم فراہمی کے باعث اب تک 38 افراد قرنطینہ سے فرار ہوچکے ہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل پاکستان میں کورونا وائرس کے نئے ویرینٹ اومیکرون کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جب کہ ادارہ صحت (این آئی ایچ) کی جانب سے کراچی میں رپورٹ ہونے والے مشتبہ اومیکرون کیس کی تصدیق بھی کردی گئی تھی۔