مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہوگی اور نہ ہی ملک میں الیکشن کے کوئی امکانات ہیں۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری شجاعت حسین سے جمیعت علما اسلام کے جنرل سیکرٹری مولانا عبدالغفور حیدری نے وفد کے ہمراہ اُن کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور بلوچستان میں عوام کو درپیش مشکلات خصوصاً آٹے کی قلت سے آگاہ کیا۔ ملاقات میں ملک کی بہتری کیلئے ملک کی معاشی سیاسی معاملات پر گفتگو سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال بھی کیا گیا۔
وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری شجاعت حسین نے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں ہوگی، فی الحال ملکی الیکشن کا کوئی امکان نہیں ہے، صوبائی حکومتوں کا فرض ہے کہ عوام کو روزمرہ استعمال کی اشیاء کو مہنگا ہونے پر ایکشن لیں۔
انہوں نے کہا کہ آٹے کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے عام آدمی بہت زیادہ پریشان ہے، تمام لیڈران اپنی اپنی بولی بولنے کی بجائے ملکی مسائل خصوصاً مہنگائی کو حل کرنے کو ترجیح دیں۔