وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کو عہدے سے ہٹانے کے نوٹیفکیشن کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں کل سماعت ہوگی۔
عدالت عالیہ لاہور کا 5 رکنی بینچ درخواست کی سماعت کرے گا، بینچ کے ارکان میں جسٹس چوہدری اقبال، جسٹس طارق سلیم شیخ، جسٹس مزمل اختر شبیر اور جسٹس عاصم حفیظ شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہٰی کی درخواست پر عدالت نے گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن پر 23 دسمبر کو عمل درآمد معطل کردیا تھا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے عدالت عالیہ کو اسمبلی تحلیل نہ کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی، جس پر گورنر کا نوٹیفکیشن معطل کردیا گیا۔
عدالت نے اپنے فیصلے میں لکھا تھا کہ گورنر پنجاب کے نوٹیفکیشن 11 جنوری تک معطل رہیں گے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے اپنے اور متحدہ اپوزیشن کے اراکین اسمبلی کو لاہور ہائیکورٹ پہنچنے کا کہا ہے۔
ذرائع ن لیگ کے مطابق پارٹی قیادت نے تمام اراکین اسمبلی کو لاہور میں مقیم رہنے کی بھی ہدایت کی اور کہا کہ وہ تمام عدالت کے بعد پنجاب اسمبلی پہنچیں گے۔