پاکستا تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کا مقدمہ دائر کرنے کا اعلان کردیا۔
الیکشن کمیشن نے کیسز میں عدم پیشی پر سابق وزیراعظم عمران خان، اسد عمر اور فواد چوہدری کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کیے ہیں۔
اس حوالے سے فواد چوہدری کا کہنا تھاکہ الیکشن کمیشن کا وارنٹ جاری کرنے کا فیصلہ ہائیکورٹ کے فیصلے کی توہین ہے۔
انہوں نے فیصلے کو جانبدار قرار دیتے ہوئےکہا کہ کیس کی تاریخ 17 جنوری تھی جس کو رولز کے خلاف آج مقرر کرکے فیصلہ دیا گیا، الیکشن کمیشن کیخلاف توہین عدالت میں جا رہے ہیں، انہیں توہین عدالت میں سزا ہو گی۔
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل اسد عمر کا کہناتھاکہ اسلام آباد بلدیاتی انتخاب نہ کروا کر الیکشن کمیشن خود توہینِ عدالت کا مرتکب ہوا، الیکشن کمیشن اپنا الیکشن کروانے کا کام کرنے کے بجائے ان کاموں میں لگا ہوا ہے۔