سعودی عرب کا پاکستان سے تیل مصنوعات پر ایک ارب ڈالر کی مالی اعانت کا معاہدہ

12  جنوری‬‮  2023

پاکستان اور سعودی فنڈ برائے ڈویلپمنٹ (ایس ایف ڈی) کے درمیان تیل کی فراہمی کے لیے ایک ارب ڈالر کے نئے معاہدے پر دستخط ہوگئے ہیں۔

معاہدے پر سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ کے سی ای او سلطان عبدالرحمان المرشد اور پاکستان میں سیکریٹری وزارت اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز نے دستخط کئے۔

اسلام آباد میں معاہدے پر دستخط کی تقریب میں سعودی اور پاکستانی حکام موجود تھے۔ اقتصادی امور ڈویژن کے مطابق پاکستان کے لیے ایک ارب ڈالر مالیت کے اس معاہدے کا مقصد معیشت، شعبے کی ترقی اور اقتصادی چیلنجوں میں مدد کرنا ہے۔

یہ سٹریٹجک معاہدہ پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے حکومت سعودی عرب کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی معاونت کا تسلسل ہے۔

اس سے قبل 2019ء اور 2021ء میں سعودی ڈویلپمنٹ فنڈ نے 4 ارب 44 کروڑ ڈالر کے تیل کی مالی اعانت کے معاہدوں پر دستخط کئے تھے۔

فنڈ کے قیام کے بعد سے ایس ایف ڈی نے پاکستان کے مختلف ترقیاتی شعبوں میں 40 سے زائد منصوبوں اور پروگراموں کی حمایت کی ہے۔

اس اسٹریٹجک معاہدے کا مقصد برادر ملک پاکستان کو پائیدار معیشت کی تعمیر کے لیے سعودی عرب کی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی امداد میں تسلسل لانا ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف سے سعودی فنڈ کے چار رکنی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی تھی، وفد کی سربراہی سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر سلطان المرشد کر رہے تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ پاکستان سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے سعودی عرب کی امداد کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔انہوں نے پاکستان کے سیلاب زدگان کی بحالی کے لیے ایک ارب ڈالر کی امداد کے اعلان پر سعودی عرب کے عوام اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے اس مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی وزیراعظم اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سعودی وفد سے ملاقات میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیراعظم کے مشیر احد چیمہ اور متعلقہ اعلٰی حکام نے شرکت کی۔

یاد رہے کہ فنڈ کے قیام کے بعد سے، ایس ایف ڈی نے اب تک پاکستان کے توانائی، پانی، نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے کے مختلف تراقیاتی شعبوں میں تقریباً 1.4 بلین امریکی ڈالر مالیت کے 40 سے زائد منصوبوں اور پروگراموں میں مالی معاونت کی ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved