پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کردئیے

12  جنوری‬‮  2023

وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر کے اس پر عملدرآمد کیلئے گورنر کو ارسال کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اعتماد کا ووٹ لینے کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان  سے ملاقات کے لیے اُن کی رہائش گاہ زمان پارک پہنچے۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں پنجاب اسمبلی کی تحلیل اور مستقبل کے روڈ میپ کے حوالے سے گفتگو کی جبکہ سیاسی لائحہ عمل پر مشاورت بھی کی۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے تصدیق کی ہے کہ پرویز الہیٰ نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے حوالے سے سمری پر دستخط کردیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنا وعدہ پورا کردیا ہے، اب پی ٹی آئی الیکشن کی طرف جائے گی اور پاکستان بھی عام انتخابات کی جانب بڑھ رہا ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر گورنر نے سمری پر اسمبلی تحلیل نہ کی تو 48 گھنٹوں میں اسمبلی خود بہ خود ٹوٹ جائے گی، جس کے بعد نگراں حکومت آئے گی اور 90 دن میں الیکشن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے بعد خیبرپختونخوا کی اسمبلی کو بھی تحلیل کردیا جائے گا۔ فواد چوہدری نے بتایا کہ نگراں حکومت کیلیے حمزہ شہباز کو بھی خط لکھ دیا ہے۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وفاقی حکومت کو اب اپنے بل سے باہر آکر انتخابات کی طرف آنا چاہیے۔

وزیراعظم کے معاونِ خصوصی اور ن لیگی رکن اسمبلی عطا تارڑ نے کہا کہ گورنر پنجاب کو ابھی تک اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری موصول نہیں ہوئی، جب گورنر پنجاب کو سمری موصول ہو گی تو اسے بعد اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہیٰ نے سماجی رابطے کی سائٹ پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کا وعدہ پورا کردیا اور سرکاری سفارش جاری کردی، اللہ کرے ہم جلد دوبارہ عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے پر دیکھیں۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں






About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved