الیکشن کمیشن کے فیصلے پر،ایم کیو ایم کا نیا اعلان

13  جنوری‬‮  2023

متحدہ قومی موؤمنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ جب سندھ حکومت نے حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن واپس لے لیا تو اب تو کوئی قانون ہی موجود نہیں۔ نئی حلقہ بندیاں ہونے تک بلدیاتی انتخابات نہیں ہوسکتے۔

کراچی میں ایم کیو رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران سابق وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا کہ درست حلقہ بندیوں پر الیکشن ہوں گے۔ ایم کیوایم نہ صرف الیکشن لڑے گی بلکہ جیت کر بھی دکھائے گی۔

فروغ نسیم نے کہا کراچی کے حقوق کیلئے متنازعہ حلقہ بندیوں کو ٹھیک کیا جائے۔ جب تک حلقہ بندیاں ٹھیک نہیں ہونگی کراچی کے الیکشن متنازع ہوں گے۔ کہا کہ جہاں ایم کیو ایم کا ووٹ بینک تھا ان یوسیز میں زیادہ ووٹرز رکھ دیے گئے۔

اس موقع پر ایم کیوایم کے سینیٹر فیصل سبزواری نے کہا صرف بینرز لگانے سے کراچی کو حق نہیں ملے گا۔ ہم الیکشن سے نہیں بھاگ رہے، منظم ایم کیوایم جب الیکشن میں اترے گی تو مخالفین فارغ ہوجائیں گے۔

فیصل سبزواری نے کہا کہ کراچی کی آبادی کو درست گنا جائے، تین کروڑ کے شہر کو ڈیڑھ کروڑ دکھانے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔

ڈاکٹر فاروق ستار کاکہنا تھا کہ آج کی پریس کانفرنس نہ توہین عدالت ہے نہ توہین الیکشن کمیشن، الیکشن کمیشن نے آج سندھ کے وزیراعلیٰ اور کابینہ کا فیصلہ ایک طرف اٹھاکر رکھ دیا۔

ایم کیوایم رہنماؤں کا کہنا تھا مخالفین جانتے ہیں کہ فاروق ستار اورمصطفی کمال کے آنے سے پارٹی مضبوط ہوگئی ہے۔ مخالفین کو بلدیاتی الیکشن سے نہیں بلکہ متحدہ کے متحد ہونے سے ڈر لگ رہا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے آج حلقہ بندیوں سے متعلق سندھ حکومت کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے 15 جنوری کو ہی سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ مکمل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

سب سے زیادہ مقبول خبریں


About Us   |    Contact Us   |    Privacy Policy

Copyright © 2021 Sabir Shakir. All Rights Reserved