مسلم لیگ ن نے نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے 3 ناموں پر غور شروع کردیا جبکہ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ پارٹی قائد نواز شریف سے ملاقات کے لیے چند روز تک لندن جائیں گے، علاوہ ازیں رانا ثناء نے تصدیق کی ہے کہ تحریک انصاف اور ق لیگ نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل روکنے کیلئے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت آج شام مسلم لیگ ن کا اہم اجلاس بھی طلب کرلیا گیا ہے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ ماڈل ٹاؤن میں شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہونے والے اجلاس میں وفاقی وزرا اور وزیراعظم کے معاونین خصوصی شریک ہوں گے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور ق لیگ نے رابطہ کیا ہے کہ الیکشن کی تاریخ دے دیں تو ہم اسمبلی تحلیل نہیں کرتے۔
رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ اپریل میں پنجاب میں الیکشن ہوں گے تو ن لیگ بھرپور حصہ لے گی۔
دوسری جانب نجی نشریاتی ادارے کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سہیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کا کہنا تھا کہ اگر اپوزیشن عام انتخابات کی تاریخ پر ہم سے بات کرے تو اسمبلی اب بھی بچ سکتی ہے۔
سبطین خان نے کہا کہ اس صورت میں وزیراعلیٰ اسمبلی توڑنے کی سمری واپس لے سکتے ہیں یا پھر گورنر یہ کہہ سکتے ہیں کہ ہم الیکشن کی تاریخ دے رہے ہیں۔