متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے جعلی حلقہ بندیوں کے اپنے موقف سے پیچھے نہ ہٹنے کا فیصلہ کیا ہے اور بلدیاتی الیکشن کے اعلان پر وزرا کے استعفوں اور دیگر آپشن پر مشاورت شروع کردی ہے۔
ترجمان ایم کیو ایم کے مطابق بہادرآباد مرکز میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس جاری ہے جس میں الیکشن کمیشن کے فیصلے پر غور کیا جا رہا ہے۔ترجمان کا کہنا ہےکہ رابطہ کمیٹی نے جعلی حلقہ بندیوں کے موقف سے پیچھے نہ ہٹنےکا فیصلہ کیا ہے، جعلی حلقہ بندیوں کے خلاف کسی بھی حد تک جاسکتے ہیں، رابطہ کمیٹی وزرا کے استعفوں اور دیگر آپشن پر مشاورت کر رہی ہے، حلقہ بندیوں کی درستگی کے لیے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے حتمی رابطوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق رابطہ کمیٹی نےقانونی ٹیم کو بھی مشاورت کے لیے طلب کرلیا ہے، قانونی ٹیم سے مختلف پہلوؤں پر مشاورت کی جائےگی۔اجلاس سے قبل وفاقی وزیر امین الحق نے میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئےکہا کہ وزارت اہم نہیں، شہر اور پارٹی اہم ہے، میں پارٹی کے فیصلوں کا پابند ہوں، خالد مقبول جو فیصلہ کریں گے قبول ہوگا، شہرکے مفاد میں جو بہتر ہوگا وہ کریں گے۔