تحریک انصاف کا پارلیمنٹ واپس جانے کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیربحث آگیا۔
سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کے خلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی۔چیف جسٹس پاکستان عمرعطا بندیال نے دوران سماعت کہا کہ اخبارات میں خبریں چھپی ہیں کہ پی ٹی آئی پارلیمنٹ واپس جارہی ہے، اگر پی ٹی آئی پارلیمنٹ واپس آتی ہے تو کیا حکومت ان کےساتھ مل بیٹھے گی؟
چیف جسٹس نے کہا کہ وفاق کے وکیل پوچھ کے بتائیں، ہم نیب ترامیم کا معاملہ واپس پارلیمنٹ بھیج دیں؟
وفاقی حکومت کے وکیل مخدوم علی خان نے جواب میں کہا کہ بغیر ہدایات لیے عدالت میں کوئی بات نہیں کرسکتا، پارلیمانی نظام میں تمام طریقہ کار واضح اور طے شدہ ہے۔مخدوم علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی چاہے تو پارلیمنٹ جاکرنیب قانون کا ترمیمی بل پیش کرسکتی ہے۔